URDUSKY || NETWORK

خطرناک EHEC بیکٹیریا امریکہ بھی پہنچ گیا

93

امریکی طبی حکام نے کہا ہے کہ حال ہی میں جرمنی کا سفر کرنے والے تین افراد کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ افراد ای ہیک بیکٹیریا سے متاثر ہوئے ہیں۔

 

امریکی حکام کے مطابق ان افراد کے طبی ٹیسٹوں کا انتظار کیا جارہا ہے جس کے بعد  حتمی طور پر کچھ کہا جا سکے گا۔ بیماریوں کے روک تھام کے امریکی ادارے ’سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن‘  کے ایک ترجمان ٹام اسکنر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ متاثرہ افراد میں شدید نوعیت کی علامات نہیں ہیں۔

قبل ازیں برطانیہ نے کہا تھا کہ ملک میں ای ہیک بیکٹیریا سے متاثرہ سات افراد کی نشاندہی ہوچکی ہے۔ ان میں تین برطانوی جبکہ چار جرمن شہری ہیں۔ برطانوی شہریوں نے بھی حال ہی میں جرمنی کا سفر کیا تھا۔ ای ہیک بیکٹیریا سے اب تک 18 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ان میں 17 ہلاکتیں جرمنی میں جبکہ ایک سویڈن میں ہوئی ہے۔

E-coli-EHEC-bacteria-is-e-005جرمن ماہرین نے ای ہیک کا جینیٹک کوڈ معلوم کر لیا ہے

EHEC بیکٹیریا پر اینٹی بائیوٹکس بے اثر

جرمنی میں ای ہیک  وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے ایک ہسپتال کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ لگتا ہے کہ اس خطرناک بیکٹیریا پر اینٹی بائیوٹک ادویات اثر نہیں کرتیں۔ جرمن شہر ہمبرگ میں قائم یونیورسٹی کلینک ہیمبرگ ایپن ڈورف کے طبی ماہرین نے چینی محققین کے ساتھ مل کر ای کولی بیکٹیریا کے اس مخصوص اسٹرین ای ہیک کا جینیٹک کوڈ معلوم کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔

ہیمبرگ بظاہر اس جان  لیوا بیکٹیریا کے پھیلاؤ کا مرکز ہے۔ یہاں کے طبی حکام کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق: ’’ابتدائی تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ ای کولی بیکٹیریا کے اس انتہائی خطرناک اسٹرین کے پھیلاؤ کی وجہ اینٹی بائیوٹکس کا اس کے خلاف بے اثر ہونا ہے۔‘‘

طبی حکام کے مطابق تازہ پیشرفت سے ای ہیک بیکٹیریا پر قابو پانے، اس کے پھیلنے کی وجوہات اور اس کے ماخذ تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔ قبل ازیں عالمی ادارہ صحت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس خطرناک بیکٹیریا کا اس طرح پھیلاؤ اپنی نوعیت کا واحد واقعہ ہے، کیونکہ اس سے قبل اس کے شواہد موجود نہیں ہیں۔

BBC Urdu