URDUSKY || NETWORK

زارا نور عباس ’عہد وفا‘ کی کامیابی پر ساتھیوں اور آئی ایس پی آر کی شکر گزار

133

Zara Noor Abbas pays special thanks to the entire team of ‘Ehd-e-Wafa

’عہد وفا‘ کا شمار پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کے کامیاب ڈراموں میں کیا جارہا ہے جس کی آخری قسط 15 مارچ کو نشر کی گئی۔

اس ڈرامے کی کہانی چار دوستوں پر مبنی تھی جن کے کیریئرز اور ذاتی زندگی کو ڈرامے میں پیش کیا گیا۔

ڈرامے کی کاسٹ میں احد رضا میر، عثمان خالد بٹ، احمد علی اکبر، وہاج علی، زارا نور عباس، علیزے شاہ اور ونیزہ احمد جیسے اداکار شامل تھے۔

یہ مکمل ڈراما ہٹ ثابت ہوا اور اس کی آخری قسط کو بھی شائقین نے خوب پسند کیا تھا۔

اور اب ڈرامے کے اختتام کے بعد اداکارہ زارا نور عباس نے اپنے ساتھیوں اور مداحوں کے ساتھ ساتھ آئی ایس پی آر کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔

انسٹاگرام پر زارا نور عباس نے اس ڈرامے کے دوران لی گئی چند تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں جن میں وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ موجود ہیں۔

اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’عہد وفا کا اختتام ہوگیا، میں پروڈیوسرز اور لکھاریوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، عثمان خالد بٹ آپ کے ساتھ کام کرنا میرے لیے اعزاز تھا، اس دوران کچھ بہترین لوگوں کے ساتھ وقت گزارا اور یادیں بنائیں‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’حاجرہ یامین، وہاج علی، احمد علی اکبر اور احد رضا میر آپ سب کا شکریہ، آئی ایس پی آر کا بھی ان کے سپورٹ کے لیے شکریہ، خاص طور پر کرنل آصف اور میجر جنرل آصف غفور کا شکریہ، یہ پروجیکٹ ان کا خواب تھا جسے بڑی محنت سے انہوں نے پورا کیا‘۔

زارا نور عباس کے مطابق ’میں اپنے مداحوں کی بھی شکر گزار ہوں، جنہوں نے اس ڈرامے میں میرے کردار کو پسند کیا، اُمید ہے کہ اپنی زندگی کے آخر تک اسی طرح آپ سب کو محظوظ کرسکوں‘۔

واضح رہے کہ زارا نور عباس نے اس ڈرامے میں رانی نامی لڑکی کا کردار نبھایا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے اشتراک سے بننے والے اس ڈرامے کی ہدایات سیفی حسن نے دی ہیں جبکہ اس کی کہانی مصطفیٰ آفریدی نے لکھی ہے۔