URDUSKY || NETWORK

منٹو کی شوٹ کے دوران صرف ایک گانا سنا اور وہ مومنہ کا تھا

72

Nawazuddin Siddiqui praises Asim Azhar and Momina Mustehsan

پاکستانی گلوکار مومنہ مستحسن اور عاصم اظہر کا گانا ‘تیرا وہ پیار’ کوک اسٹوڈیو کی جانب سے تین سال قبل ریلیز ہونے کے ساتھ ہی یہ دنیا بھر میں ہٹ ہوا۔

یہ گانا 3 سال بعد بھی اس حد تک مقبول ہے کہ اسے یوٹیوب پر اب تک 13 کروڑ 20 لاکھ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے اور شاید اسے سب سے زیادہ مرتبہ دیکھنے والے کوئی اور نہیں بلکہ اداکار نوازالدین صدیقی ہیں۔

بولی وڈ اداکار نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ مومنہ اور عاصم کے اس گانے کے مداح ہیں اور اپنی فلم ‘منٹو’ کی شوٹنگ کے دوران وہ یہی گانا سن کر شوٹنگ کیا کرتے تھے۔

عاصم اظہر نے اس انٹرویو کی ایک ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی، جس میں نواز، ارباز خان کو انٹرویو دے رہے تھے۔

نواز الدین صدیقی نے اس انٹرویو میں مومنہ مستحسن کا نام تو غلط تلفظ کے ساتھ لیا البتہ ان کے گانے کی بےحد تعریف کی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ‘منٹو کی شوٹنگ کے دوران میں صرف ایک گانا سنتا تھا، یہ پاکستانی گلوکارہ مومنہ مستحسن کا گانا تھا جس کا نام تیرا وہ پیار تھا، میں یہ گانا سنتا اور پھر اپنا سین شوٹ کرنے جاتا، مجھے نہیں معلوم، یہ گانا کسی سین سے ملتا بھی نہیں تھا لیکن بس میں ہر مرتبہ شوٹنگ کرنے سے قبل یہی گانا سنتا تھا’۔

عاصم اظہر نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ‘سب آپ کا پسندیدہ اداکار ہر روز آپ کا گانا سنے، نوازالدین صدیقی آپ کا شکریہ’۔

یاد رہے کہ یہ گانا 2016 میں کوک اسٹوڈیوز کے سیزن 9 میں ریلیز ہوا تھا۔