گزشتہ پچاس برسوں میں 2010ء دوسرا گرم ترین سال
دنیا کے معروف ترین اوپرا سنگر پِلاسِیدو دُومنگو21 جنوری کو ستر برس کے ہوگئے۔ دُومنگو کی گزشتہ پچاس برس کی کارکردگی پرنظر ڈالی جائے تو ان کا کیریئر کامیابیوں سے بھرا پڑا ہے۔
اوپرا سنگنگ میں اس وقت سب سے معروف شخصیت ہیں پلاسیدو ڈومنگو آج اپنی 70ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ انہوں نے دس سال کی عمر میں پہلی مرتبہ اسٹیج پر، پھر اس کے صرف دس سال بعد پہلی مرتبہ اوپرا پرفارم کیا تھا۔ دنیا کے معروف ترین اوپرا سنگر کی گزشتہ پچاس برس کی کارکردگی پرنظر ڈالی جائے تو ان کا کیریئر کامیابیوں سے بھرا پڑا ہے۔ آج ستر سال کی عمر میں بھی ان کی آواز پہلے ہی کی طرح مسحور کن ہے۔
اوپرا پرفارم کرنا ایک مشکل کام ہے۔ دنیا بھر میں اس انداز کو پسند کرنے والے اور اس شعبے کے فنکاروں کی تعداد فن کے دیگر شعبوں کے مقابلے میں کافی کم ہے۔ تاہم اس کے باوجود اوپرا سنگرز کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ اطالوی موسیقار جیوسیپے ویردی اورانیسویں صدی کے مشہور جرمن موسیقار اور ہدایتکار رچرڈ واگنر کے ترتیب دیےہوئے اوپرا پیش کرنا ویسے تو انتہائی مشکل کام ہے لیکن کسی بھی فنکار کے لئے انہیں پرفارم کرنا اعزاز کی بات سمجھی جاتی ہے۔ کیونکہ ان دو موسیقاروں کو کلاسیکی موسیقی کا امین کہا جاتا ہے۔
اس سے قطع نظر کہ دومنگو رچرڈ واگنر کو گا رہے ہوں یا ویردی کو، ان کے لبوں پراوپرا ہو یا کوئی لوک گیت، یا پھر ان کے گلے سے نکلنے والی آواز کلاسیکلی گیتوں میں تبدیل ہو رہی ہے یا پوپ موسیقی میں، پلاسیدو دومنگو ’Placido Domingo‘ کی گلوکارانہ صلاحیتیں ہر انداز میں یکساں ہی دکھائی دیتی ہیں۔ یا یوں کہیے کہ ان کی آواز کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔ ان کا شمار بیسویں صدرکے عظیم اوپرا گانے والوں میں ہوتا ہے۔
دومنگو اکیس جنوری1941ء کو ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ میں پیدا ہوئے۔ پھر1949ء میں ان کے والدین نے میکسیکو ہجرت کر لی۔1961ء میں انہوں نے اوپرا سنگنگ شروع کی، پھر چار سال تک وہ تل ابیب میں رہے۔ 1966ء میں نیو یارک میں پرفارم کرنے کے ساتھ ہی انہوں نے گیت و سنگیت کے ماہرین کی توجہ حاصل کی۔ بس پھر کیا تھا، کامیابی کا پہیہ ان کے حق میں اتنی تیزی سے گردش میں آیا کہ جلد ہی وہ لندن، برلن، پیرس، میلان، میڈرڈ اور بیونس آئرس سمیت دنیا بھرمیں مشہور اطالوی موسیقار جوزیپے ویردی کے دھنوں کے ماہر کے طور پر پہچانے جانے لگے۔
ویردی کے علاوہ دومنگو کوجرمن موسیقار رچرڈ واگنر کی موسیقی نے بھی اپنی جانب کھینچا۔ لیکن واگنر کو پیش کرنا ان کے لیے آسان ثابت نہ ہوا۔ اس بات کا اعتراف انہوں نے1976ء میں ایک انٹرویومیں کیا تھا۔
ابھی بھی پلاسیدو دُومنگو پرفارم کرتے ہیں۔ ابھی حال ہی میں انہوں نے لندن کے ایک اوپرا میں اپنے پسندیدہ موسیقار ویردی کی دھن پر گایا۔ اس وقت دنیائے اوپرا کا یہ مشہور ترین گلوکار لاس اینجلس اورواشنگٹن کے اوپرا ہاؤسز سے منسلک ہے۔ ان کی کامیابیوں کا سلسلہ ابھی بھی جاری وساری ہے۔
بشکریہ ڈی ڈبلیوڈی‘