URDUSKY || NETWORK

لتا 82 برس کی ہو گئیں

97

بھارتی فلم انڈسٹری میں گزشتہ سات دہائیوں سے اپنی گلوکاری سے لاکھوں کو دیوانہ بنانے والی لتا منگیشکر 82 برس کی ہو گئی ہیں۔

28 ستمبر1929ء کو اندور میں پیدا ہونے والی لتا کے بارے میں اس وقت شاید ہی کسی کو علم تھا کہ وہ بڑی ہو کر اتنی بڑی فنکارہ بن جائیں گی۔ تیس ہزار سے زیادہ گیتوں میں اپنی آواز کا جادو جگانے والی لیجندڑی سنگر لتا منگیشکر نے اپنی سالگرہ کے دن کسی خاص ایونٹ کا انعقاد نہیں کیا بلکہ اپنے گھروالوں کے ساتھ سادگی سے یہ دن گزارا۔Lata-Mangeshkar

پی ٹی آئی سے خصوصی گفتگو کے دوران لتا نے کہا،’میں اپنی سالگرہ شاندار طریقے سے نہیں مناتی اور نہ ہی کیک وغیرہ کاٹنے پر یقین رکھتی ہوں۔ یہ صرف ایک گھریلو ایونٹ ہوتا ہے، جہاں تمام گھر والے اکٹھے ہوتے ہیں۔ تمام دن گھر میں گزارنے کے بعد شب کو میں ہری دیاناتھ ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کروں گی‘۔

1942ء میں مراٹھی گانے سے اپنا کیریئر شروع کرنے والی اس مہان فنکارہ نے 1946ء میں پہلی مرتبہ ہندی فلموں کے لیے کام کرنا شروع کیا۔ جس کے دو برس بعد ہی انہوں نے اپنی گلوگاری کے فن سے فلمی دنیا کو اپنی آواز سے سحر زدہ کر دیا۔

بالی ووڈ میں لتا دیدی کے نام سے معروف اس خاتون فنکار نے ہزاروں فلموں کے لیے گانے گائے۔ اگرچہ انہوں نے بھارت کی 36 مقامی زبانوں میں مدھر گیت ریکارڈ کروائے لیکن ان کا بنیادی کام ہندی زبان میں ہی ہے۔

بھارت کا سب سے بڑا سول اعزاز بھارت رتنا ایوارڈ حاصل کرنے والی لتا نے بلیک اینڈ وائٹ دور کی معروف اداکارہ مدھو بالا سے لے کر آج کے دور کی نوجوان اداکاراؤں کے لیے گانے گائے ہیں۔ انہوں نے نیم کلاسیکی موسیقی کے ساتھ ساتھ غزل اور بھجن گائیکی میں بھی اپنا ایک منفرد مقام برقرار رکھا ہوا ہے۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹارز نے بھی لتا کی سالگرہ کے موقع پر انہیں مبارکبادی پیغامات ارسال کیے ہیں۔ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے کہا، ‘لتا جی ایک انتہائی عمدہ فنکارہ ہیں۔ انہیں نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا میں پذیرائی ملی ہے اور ہم سب ان سے پیار کرتے ہیں‘۔

معروف اداکار اور ہدایت کار دیو آنند نے لتا کو مباکباد دیتے ہوئے کہا،’ لتا جی مجھے بہت پیاری ہیں۔ میں انہیں ایک طویل عرصے سے جانتا ہوں، ہماری رفاقت بہت پرانی ہے۔ اگر میں ان کے بارے میں کچھ بھی نہ کہوں تب بھی لتا جی جانتی ہیں کہ میں ان سے کتنا پیار کرتا ہوں اور ان کی بہترین زندگی کے لیے دعا گو ہوں‘۔

Thankx dw-world.de