بھارت میں فنون لطیفہ سے متعلق نیا بین الاقوامی میلہ
بھارت میں فنون لطیفہ کے ترقی کرتے منظرنامے پر ایک نئی بین الاقوامی تقریب منعقد ہونے جا رہی ہے۔ Biennale کے نام سے یہ میلہ بھارت کے جنوبی ساحلی علاقے میں منعقد کیا جائے گا جس میں 60 بین الاقوامی فنکار شرکت کریں گے۔
بھارت میں اپنی نوعیت کی یہ پہلی تقریب ہو گی جس میں دنیا بھر کے فنکار تین ماہ تک جاری رہنے والے اس شو میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ Kochi-Muziris Biennale کے نام سے اس میلے کا انعقاد اگلے برس جنوری میں کیا جائے گا۔
وینس باینالے میں رکھا گیا ایک شاہکار
دو فنکاروں، بوس کرشنا مچھاری اور ریاس کومو کے پیش کردہ اس خیال کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مالی مدد ریاست کیرالہ کی حکومت نے فراہم کی ہے۔ اس میلے کے سلسلے میں بھارت کے صنعتی علاقے کوچی کے علاوہ اس سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر قدیم بندرگاہی شہر موزیرِس میں بھی مختلف نمائشوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے پیشے کے لحاظ سے مصور اور فوٹوگرافر کوموکا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے چاہتے تھے کہ بین الاقوامی آرٹ کو بھارت میں لایا جائے اور ان کے خیال میں اس کے لیے Biennale ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
اٹلی کی جانب سے باینالے میں رکھا گیا ایک نمونہ
انہوں نےاس شو کے حوالے سے مزید بتایا کہ اس میں شرکت کے لیے پاکستان اور چین سمیت مختلف ممالک میں فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والےفنکاروں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
اس شو کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں شرکت کے لیے صرف عالمی شہرت یافتہ فنکاروں کو ہی دعوت نہیں دی گئی ہے بلکہ ایسے نوجوان فنکاروں کا بھی انتخاب کیا گیا ہے جو زیادہ شہرت تو نہیں رکھتے لیکن ان میں آگے بڑھنے کی صلاحیت بدرجہ اتم موجود ہے۔
اس شو کو منعقد کرنے کے لیے کوچی کے انتخاب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اپنی خوبصورتی کے علاوہ مذہبی اور ثقافتی کردار کے امتزاج کی بنیاد پر یہ اس تقریب کے لیے یہ جگہ نہایت موزوں ہے۔جبکہ قدیم بندرگاہی مقام موزیرِس میں قائم خوبصورت اور قدیم عمارات کا استعمال اس تقریب کو ایک خوبصورت رنگ بخشے گا۔
بھارت میں 100 ملین روپے یعنی قریب دو ملین یورو کے مساوی بجٹ کے حامل اس میلے کے لیے امید کی جا رہی ہے کہ اس تقریب کا شمار، جرمنی کے برلینالے، سوئٹزرلینڈ کے بیسل شو، وینس کے میلے اور شنگھائی آرٹ فیئر جیسے بین الاقوامی تقریبات میں ہونے لگے گا
۔بشکریہ ڈی ڈبلیو دی