URDUSKY || NETWORK

پاکستان کو اب تک ملنے والی عالمی امداد کی تفصیل

112


پاکستان کو اب تک ملنے والی عالمی امداد کی تفصیل

پاکستان کی تاریخ کے بدترین سیلاب سے متاثر ہونے والے ایک کروڑ ستر لاکھ سے زائد افراد کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی امدادی ایجنسیوں کی جانب سے کی جانے والی پے در پے اپیلوں کے بعد اب تک کئی ممالک سیلاب زدگان کے لیے امدادی اشیاء بھجوانے کے ساتھ ساتھ بحالی کی سرگرمیوں کے لیے عطیات کے اعلان اور وعدے بھی کرچکے ہیں۔
ذیل میں چوبیس اگست تک بین الاقوامی برادری کی جانب سے پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے اعلان کردہ امداد کی تفصیل درج ہے جس میں امریکہ اب تک اعلان کردہ امداد کے بیس اعشاریہ دو فیصد کے ساتھ سر فہرست ہے۔ امریکہ کی جانب سے اب تک سیلاب زدگان کے لیے 120 ملین ڈالرز کی امداد کا اعلان کیا جاچکا ہے، جبکہ امریکی میرینز اور کئی ہیلی کاپٹرز بھی سیلاب زدگان کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
امریکہ کے بعد دوسری بڑی امداد پاکستان کے دوست ملک سعودی عرب کی جانب سے سامنے آئی ہے جس نے اب تک74.4 ملین ڈالرز کی امدادی اشیاء بھجوانے کا اعلان کیا ہے جو کل امدادی عطیات کا 14.8 فیصد بنتا ہے۔ سعودی عرب کے بعد امدادی اعلانات کے لحاظ سے برطانیہ کل امداد کے 12.9 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر آتا ہے جس کی جانب سے اب تک 74.67 ملین ڈالرز کی امداد کے وعدے کیے جاچکے ہیں۔
امدادی اشیاء اور فنڈز فراہم کرنے والوں کی فہرست میں یورپین کمیشن، آ سٹریلیا اور اقوام متحدہ کے ایمرجنسی ریسپانس فنڈ اب تک کے اعلانات کے مطابق بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں ۔ یورپین کمیشن کی جانب سے 54.15 ملین ڈالرز (10.8 فیصد)، آسٹریلیا کی جانب سے 31.62 ملین ڈالرز (6.3 فیصد) اور ایمرجنسی ریسپانس فنڈ کی جانب سے16.60 ملین ڈالرز (3.3 فیصد) امداد کا اعلان کیا جاچکا ہے۔
ان ممالک کے علاوہ دیگر کئی ممالک کی جانب سے بھی امدادی اشیاء بھجوانے اور فنڈز کی فراہمی کے اعلانات سامنے آچکے ہیں۔ ناروے نے 14.81 ملین ڈالرز، جاپان نے 14.44 ملین ڈالرز جبکہ جرمنی کی جانب سے 13.75 ملین ڈالرز کی امداد کی فراہمی کاوعدہ کیا گیا ہے۔ پاکستان کے دیرینہ دوست ممالک ترکی اور چین نے سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے لیے بالترتیب 11.77 ملین ڈالرز اور 9.26 ملین ڈالرز کی فراہمی کے اعلانات کیے ہیں۔
یورپی کمیشن کے علاوہ کئی یورپی ممالک نے انفرادی سطح پر بھی پاکستان کے سیلا ب زدگان کیلئے امداد کا اعلان کیا ہے۔ ان میں سرفہرست ڈنمارک ہے جس کی جانب سے 11.74 ملین ڈالرز کی امداد کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سوئیڈن نے 9.98، اسپین نے 8.13، فن لینڈ نے 5.77 ملین ڈالرز کی امدادی سامان اور فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت کی جانب سے بھی پانچ ملین ڈالرز کی مالیت کے امدادی سامان کی فراہمی کی پیشکش کی گئی تھی جسے پاکستان نے قبول کرلیا ہے۔
(سورس: یونائیٹڈ نیشنز آفس فار دی کوآرڈینیشن آف ہیومینیٹیرین افیئرز)
بشکریہ VOA