URDUSKY || NETWORK

ڈکشنری پڑھنے والی قوم

148

ڈکشنری پڑھنے والی قوم

خبر گرم ہے کہ یہ خبر معروف لشکری ( بمعنی اردو )ویب سائٹ اردو سکائی ڈاٹ کام پر بھی آ چکی ہے کہ آ کسفورڈ یونیورسٹی پریس نے آ ئندہ کتابی شکل میں آکسفورڈ ڈکشنری چھاپنے سے تقریباً توبہ کر لی ہے اور یہ گوری توبہ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ 20 جلدوں پر مشتمل اس ڈکشنری کی’ ہارڈ کاپی‘ خریدنے میں لوگوں کی دلچسپی اب کم ہو گئی ہے اور لوگ اس ڈکشنری سے آن لائن مستفید ہو رہے ہیں ہمیں تو ان ولائتی کباڑیوں پر ترس آ رہا ہے جو ہزاروں کی تعداد میں چھپنے اور بکنے والی اس معرکتہ الاراءڈکشنری کو کوڑیوں کے بھاﺅ نہیں خریدیں گے اور شائد اس سے ان کے گھر کا چلم اور چولہا ٹھنڈا ہو جائے ویسے آپس کی بات ہے کہ ان گوروں کا چولہا ٹھنڈا ہونا بھی چاہیے کہ انہوں نے مسئلہ کشمیر کھڑا کرکے بر صغیر پاک و ہند کے بھی کروڑوں گھروں کا چولہا ٹھنڈا کر دیا ہے لہذا اب ان کی باری ہے …….. ویسے حیرت ہوتی ہے ڈکشنری پڑھنے والے انگریز قوم کی اور خاص کر ان کے بابوں اورلیڈی بابوں کے جو موٹی اور باریک عدسے والی عینکوں سے فرنگی لفظ ڈھونڈتے ہیں اس پر تبصرہ کرتے ہیں اور ان کو اپنی روز مرہ کی بول چال میں منہ بگاڑ بگاڑ کر استعمال کرتے ہیں ……. ویسے اس میں حیرانگی والی کون سی بات ہے لکھنے پڑھنے میں ہماری قوم بھی بہت ماہر ہے اور خاص کر کالا علم پڑھنے اور کرنے میں تو ہم سب سے آگے ہیں بنگال کے سیاسی جادو سے ہی تو بنگلہ دیش وجود میں آیا اب شاید خاکم بدہن چارسدہ کے جادو سے پختونستان بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں تو جناب بات ہو رہی تھی پڑھنے لکھنے کی تو اس میں ہمارے سیاست دان بھی سب سے آگے ہیں اگر انگریز سیاست دان دارالعلوم اور دارالامراءمیں لمبی لمبی تقریریں کر سکتے ہیں تو جناب عالی ……. پن دے پیالی ، ہمارے پڑھے لکھے ،نیم پڑھے لکھے اور با الکل ان پڑھ انگھوٹیے سیاسی بازی گر پارلیمنٹ میں باتوں کا دریا بہا سکتے ہیں یہ تو ان کے خلاف سازش ہے کہ ان کی ڈگریاں جعلی قرار دی جا رہی ہیں تاہم ان کی ڈگر تو صحیح ہے کہ دونوں ہاتھوں سے صرف عوام کو لوٹو ، اب اگر صحیح ڈگر سے وہ ان پڑھ عوام کی جیب صاف کر دیں تو یہ تو ان کے پڑھے لکھے ہنر مند ہونے کی علامت ہے اب اگر گورے سیاست دان یہ سب کچھ کر سکتے ہیں تو ہم مانیں ہم جانیں ……….. بہرحال مبارک ہو اب ہم پرانی کتابوں کی دکانوں سے اس فرنگی لغت کے نسخے ڈھونڈنے سے بچ جائیں گے اور اکیسویں صدی کی شریک حیات یعنی کمپیوٹر کے چہرے پر سے ولائتی فرہنگ کے بھاری بھرکم لفظ یاد کرکے اپنے یاروں دوستوں پر رعب جمائیں گے…. انشاءاللہ۔