URDUSKY || NETWORK

صدر زرداری اور وزیر اعظم گیلانی سے ترک وزیر اعظم کی ملاقات

12

اسلام آباد . . . ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب اردگان نے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے الگ الگ ملاقات کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ ترکی متاثرین سیلاب کی بحالی اور تعمیر نو کے عمل میں بھی بھرپورشرکت کرے گا۔صدر زرداری نے پاکستان اور ترکی کے درمیان کرنسی کی تبدیلی کے معاہدے پر زور دیا ہے جبکہ وزیرا عظم گیلانی کا کہنا ہے کہ متاثرین سیلاب کی بحالی اور تعمیر نو کے اخراجات اربوں ڈالرز تک پہنچنے کے امکانات ہیں۔ترک وزیر اعظم نے ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری جبکہ وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے سے ملاقات کی ۔اس دوران صدر اور وزیر اعظم گیلانی نے زور دیا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان ریلوے لائن کو اپ گریڈ کیا جانا چاہئیے اور پاکستان اور ترکی درمیان مضبوط تعلقات کو اسٹریٹیجک پارٹنر شپ میں تبدیل کر کے فائدہ اٹھایا جائے،صدر زرداری نے کہا کہ ر یفرنڈم میں کامیابی جمہوریت اور جمہوری عمل کی فتح ہے،پاکستان میں بھی اٹھاوریں ترمیم کی صورت میں جمہوری اصلاحات کی گئیں،صدر زرداری نے کہا کہ علاقائی معاملات کو خطے کی طاقتیں ہی بہتر انداز سے حل کر سکتی ہیں،اس موقع پر ترک وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی کہ ترکی حکومت پاکستان کے ساتھ کرنسی کی تبدیلی کے معاہدے کی تجویز پر غور کرے گا،وزیر اعظم گیلانی نے بات چیت میں کہا کہ عالمی بنک اور اے ڈی بی کی طرف سے نقصانات کے تخمینے کی رپورٹ رواں ہفتے جاری کئے جانے کا امکان ہے،وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ پاکستان آئندہ ماہ پاکستان ڈویلپمنٹ فورم میں متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کی جامع حکمت عملی پیش کرے گا،انہوں نے کہا کہ پاک ترک دو طرفہ تجارت کے حجم کو 2012 تک دو ارب ڈالرز تک پہنچانے پر اتفاق ہوا ہے،انہوں نے ترکی کے بنکوں کی پاکستان میں برانچیں قائم کرنے پر زور دیا۔ترک وزیر اعظم نے صدر اور وزیر اعظم سے بات چیت میں کہا کہ متاثرین سیلاب کی بحالی اور تعمیر نو میں حکومت پاکستان اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے اور ترکی گھروں،سڑکوں،ریلوے اور بجلی کے نیٹ ورک کی بحالی او تعمیر نو میں بھرپور شرکت کرے گا،انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور ترک عوام کی خوشیاں اور دکھ ایک ہیں، عالمی برادری کو سیلاب سے پاکستان کو پہنچنے والے ا قتصادی نقصانات کو سمجھنا چاہئیے۔طیب اردگان نے وزیر اعظم گیلانی کو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط کرنے کیلئے اعلی سطحی تعاون کونسل کے آئندہ ماہ انقرہ میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔