URDUSKY || NETWORK

جیف بیزوس اور بل گیٹس کتنے امیر ہوچکے ہیں

67

دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس کو مختصر عرصے میں 53 ارب ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے باعث ان کے اثاثوں کی مالیت کم ہو کر 109 ارب ڈالر رہ گئی ہے۔ دوسری جانب بل گیٹس کے اثاثوں کی مالیت رواں سال 15 ارب ڈالر اضافے کے ساتھ 105 ارب ڈالر ہوگئی ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بل گیٹس جلد ہی دوبارہ دنیا کے امیر ترین شخص بن جائیں گے۔

مارچ 2019 میں جب فوربز نے اپنی سالانہ فہرست جاری کی تھی تو اس وقت جیف بیزوس کے اثاثوں کی مالیت 131 ارب ڈالر تھی۔ رواں سال ان کی کمپنی ایمازون نے خوب منافع کمایا اور ان کے اثاثوں کی مالیت جولائی میں 162 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ۔

جولائی تک تو معاملات بالکل ٹھیک چلتے رہے لیکن اگست کا مہینہ جیف بیزوس کیلئے زیادہ ہی بھاری ثابت ہوا اور ان کے اثاثے کم ہو کر صرف 109 ارب ڈالر تک محدود ہوگئے۔

ان کے اثاثوں کی مالیت میں کمی کی ایک بڑی وجہ ان کی مکینزی بیزوس سے ہونے والی طلاق کو بھی قرار دیا ہے جو دنیا کی مہنگی ترین طلاق ہے۔ اس طلاق کی سیٹلمنٹ کے نتیجے میں جیف بیزوس کو لگ بھگ 36 ارب ڈالر کے اثاثوں سے ہاتھ دھونا پڑے ہیں۔

اگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو جیف بیزوس کو اب تک 53 ارب 60 کروڑ ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اگر فوربز کی 5 مارچ 2019 کو جاری ہونے والی فہرست کے تناظر میں جائزہ لیا جائے تو رواں سال جیف بیزوس کو لگ بھگ 16 ارب ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

2017 کے وسط تک بل گیٹس دنیا کے امیر ترین آدمی تھے لیکن ایمازون کے بانی کی دولت میں ہونے والے اضافے کے باعث وہ دوسرے نمبر پر چلے گئے تھے۔ جولائی میں کچھ وقت کیلئے بل گیٹس دوسری پوزیشن سے بھی اس وقت محروم ہوگئے تھے جب لگژری اشیا بنانے والے برنارڈ آرنالٹ نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ برنارڈ آرنالٹ اپنی دوسری پوزیشن زیادہ دیر برقرار نہ رکھ پائے اور صرف تین روز بعد ہی بل گیٹس دوبارہ سے دوسرے نمبر پر آگئے تھے اور اب لگتا ہے کہ وہ دوبارہ ایمازون کے بانی کو پیچھے چھوڑ کر پہلے نمبر پر آجائیں گے۔

یہاں یہ بات بھی دلچسپی سے خالی نہ ہوگی کہ ایک طرف جہاں ایمازون کے بانی جیف بیزوس کو رواں سال 16 ارب ڈالر کے اثاثوں کی کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے وہیں دوسری طرف بل گیٹس کے اثاثوں میں مارچ سے اب تک 15 ارب ڈالر کا اضافہ ہوچکا ہے۔ اس وقت بل گیٹس کے اثاثوں کی مالیت 105 ارب ڈالر ہے اور ان کے دوبارہ پہلے نمبر پر آنے میں صرف 4 ارب ڈالر کی دوری باقی ہے ۔ معاشی ماہرین امکان ظاہر کر رہے ہیں کہ اگلے چند روز میں بل گیٹس ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن جائیں گے۔