URDUSKY || NETWORK

جاپان میں بدترین زلزلہ،سونامی سے تباہی ، سیکٹروں افرادہلاک

14
جاپان میں بدترین زلزلہ،سونامی سے تباہی ، سیکٹروں افرادہلاک

Updated at 2100 PST
ٹوکیو…جاپان میں8.9 شدت کے شدید زلزلے نے بدترین تباہی پھیلائی ہے۔ساحلوں سے سونامی کی چار سے دس میٹر تک بلند لہریں ٹکرائی ہیں۔اب تک سیکڑوں افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں جب کہ متعدد افرادلاپتہ ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق جاپان کی3سو سالہ تاریخ کا بد ترین زلزلہ جاپان کے جزیرے ہنشو کے شہر سینڈائی کے قریب آیا ۔زلزلے کا مرکز ٹوکیو سے382 کلومیٹر دور شمال مشرق میں تھا۔ زلزلے کے نتیجے میں آنے والے سو نامی کی10 میٹر بلند لہریں سینڈائی شہر سے دس میٹر بلند لہریں ٹکرائی اور پورا شہر پانی میں ڈوب گیا ہے۔ ملک کے شمال میں کمائے چی کے ساحل سے چار میٹر اونچی سونامی کی لہر یں ٹکرائی ہیں۔ درجنوں گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں اور ساحل پر کھڑے جہاز پانی کی شدت سے اپنی جگہ سے ہٹ گئے۔ سینڈائی شہر میں کئی عمارتوں میں آگ لگ گئی جبکہ زلزلے سے ٹوکیو میں بھی متعدد عمارتیں گرگئیں ۔ٹوکیوکا ڈزنی لینڈپارک پانی میں ڈوب گیا ہے۔ٹوکیو اور اطراف کے40 لاکھ مکانات کی بجلی منقطع ہوگئی ہے۔سونامی سے متاثرہ سینڈائی شہر کے ساحل پر2 سو سے3 سو لاشیں ملی ہیں۔جاپان کے ساحلی علاقے ایشی نو ماکی میں مسافر ٹرین سونامی کے بعد لاپتہ ہوگئی ہے۔ جاپانی خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ ٹوکیو کے قریب آئل ریفائنری میں آگ لگ گئی ہے اور بحرالکاہل کے ساحل پر4 ایٹمی پاور پلانٹ بند ہو گئے ہیں۔سینڈائی شہر کے پیڑوکیمیکل کمپلیکس میں شدید دھماکا بھی ہوا ہے۔فوکوشیما دائی چی جوہری پلانٹ کے قریب رہنے والے2ہزار افراد کو نقل مکانی کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔جاپانی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ بند ہونے والے ایٹمی پلانٹ سے تابکار مادے کا اخراج نہیں ہوا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں جاپانی فضائیہ کے طیارے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔جاپانی بحریہ کے جہاز متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کر دیے گئے ہیں ۔جاپان نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کے لیے امریکا سے مدد طلب کرلی ہے۔وزیر اعظم نے عوام سے پرسکون رہنے کی اپیل کی ہے اور فوج کوتمام ضروری اقدامات کا حکم دیا ہے ۔جاپان میں زلزلے کے بعد روس ،جزیرہ ماریانا ،فلپائن،انڈونیشیا، آسٹریلیا اورجنوبی امریکا سمیت53 ملکوں میں سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ادھر ہوائی کے ساحل سے بھی سونامی کی لہریں ٹکرانا شروع ہوگئی ہیں۔امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کیلی فورنیا میں کریسنٹ سٹی کے نزدیک بڑا سونامی آسکتا ہے۔کیلی فورنیا میں سونامی کے باعث2میٹر بلند لہریں ساحل سے ٹکرا سکتی ہیں۔کیلی فورنیا ایمرجنسی ایجنسی کا کہنا ہے کہ کیلی فورنیاکے ساحلی علاقوں میں بھی سونامی کی وارننگ کے باعث ساحلی علاقوں سے لوگوں کو نقل مکانی کی ہدایت دی جاسکتی ہے۔ 

بشکریہ جنگtsunami-wave