URDUSKY || NETWORK

ممبئی میں آگ: ’سلم ڈاگ‘ کی اداکارہ کی جھونپڑی بھی جل گئی

9

بھارتی شہر ممبئی کی ایک کچی بستی میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں سینکڑوں جھونپڑیاں جل کر راکھ ہو گئی ہیں، جن میں آسکر انعام یافتہ فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ کی اداکارہ روبینہ علی کے خاندان کی چھوٹی سی جھونپڑی بھی شامل ہے۔

بھارت کے تجارتی مرکز ممبئی کے ایک پسماندہ علاقے میں ریل کی پٹریوں کے ساتھ ساتھ بنائی گئی اس بستی میں آگ جمعہ کو رات گئے لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے لکڑی اور دھات کی چادروں سے بنائی گئی سینکڑوں جھونپڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انہی میں سے ایک سلم ڈاگ ملینیئر نامی فلم میں کام کرنے والی نابالغ اداکارہ روبینہ علی کا صرف ایک کمرے پر مشتمل وہ کچا گھر بھی شامل تھا، جس کے جل جانے کے بعد روبینہ اور اس کے اہل خانہ بے گھر ہو گئے ہیں۔

اس آتشزدگی کے بعد روبینہ نے صحافیوں کو بتایا کہ آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ کر اس کی اور اس کے اہل خانہ کی ملکیت تقریباﹰ سبھی کچھ تباہ ہو گیا ہے۔ روبینہ کے بقول تباہ ہو جانے والے اس سامان میں وہ بہت سی تصویریں بھی شامل ہیں جو آسکر ایوارڈ کی تقریب کے موقع پر اس کے لاس اینجلس کے دورے کے دوران اتاری گئی تھیں۔

روبینہ علی کے ساتھ اظہر الدین نے بھی اس فلم میں اہم کردار ادا کیا تھا

روبینہ نے کہا کہ وہ اور اس کے اہل خانہ آگ کے شعلوں سے جو کچھ بچا سکتے تھے، انہوں نے بچا لیا۔ ’’یہ سامان محض چند کپڑوں اور دیگر اشیاء پر مشتمل ہے۔‘‘

روبینہ علی نے ڈینی بوائل کی فلم سلم ڈاگ ملینیئر میں لاتیکا نام کی ایک چھوٹی بچی کا کردار ادا کیا تھا۔ سن 2008 میں بننے والی اس فلم میں کام کرتے وقت روبینہ کی عمر صرف آٹھ سال تھی۔ یہ فلم یکدم بین الاقوامی شہرت اختیار کر گئی تھی اور کاروباری حوالے سے بھی بہت کامیاب رہی تھی۔

اس فلم کو کئی آسکر ایوارڈ بھی ملے تھے۔ ’سلم ڈاگ‘ میں روبینہ علی کے ساتھ ایک لڑکے کا کردار اظہر الدین نامی ایک بچے نے ادا کیا تھا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد ڈینی بوائل نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ممبئی کی ایک کچی بستی میں رہنے والے ان دونوں نابالغ فنکاروں کو اسی شہر میں کسی اچھے علاقے میں باقاعدہ گھر دلوائیں گے۔Rubina-Ali_Slumdog

اظہر الدین نامی چائلڈ ایکٹر 2009ء میں اس بستی سے نکل کر اپنے نئے گھر میں منتقل ہو گیا تھا۔ روبینہ علی کو اگلے مہینوں میں اس کچی بستی سے ممبئی شہر کے ایک بہت مہنگے رہائشی علاقے میں ایک اپارٹمنٹ میں منتقل ہو نا ہے۔ یہ علاقہ اس شہر کے مہنگے ترین رہائشی علاقوں میں شمار ہو تا ہے، جہاں بالی وڈ کے بہت سے اداکار اور دیگر شخصیات بھی رہتی ہیں۔

بشکریہ ڈی ڈبلیوڈی