URDUSKY || NETWORK

شعیب اختر نے پریشان کن دعویٰ کر دیا

32

صرف عامر ہی نہیں بلکہ یہ تین باؤلر بھی شائد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ دیدیں گے

لاہور پاکستان کے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر شعیب اختر نے کہا ہے کہ مجھے بری خبر یہ لگ رہی ہے کہ محمد عامر کے پیچھے پیچھے شائد حسن علی، وہاب ریاض اور جنید خان بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ دیدیں گے اور پھر پاکستان کی طرف ٹیسٹ کرکٹ کون کھیلے گا۔ یوٹیوب پر جاری ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ محمد عامر کے پیچھے پیچھے شائد حسن علی، وہاب ریاض اور جنید خان بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ دیدیں گے۔ آپ نے دیکھا ہو گا کہ میں نے اپنی ویڈیوز میں پہلے بھی کہا تھا کہ یہ سارے کے سارے لڑکے صرف ٹی 20 کے باﺅلر بننا چاہتے ہیں اور بنیادی طور پر تو انہیں ون ڈے کرکٹ کھیلتے ہوئے بھی موت پڑتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستانی ٹیم کیساتھ کیا ہو رہا ہے اور یہ لڑکے کیا کر رہے ہیں۔ پاکستان نے محمد عامر پر اتنی سرمایہ کاری کی، میچ فکسنگ سے نکال کر واپس لائے اور کھلانے کی کوشش کر رہے ہیں، اب وہ اچھی فارم میں واپس آیا ہے تو اس کے بعد وہ ریٹائرمنٹ دے رہا ہے، یہ میری سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ لڑکے خوش قسمت ہیں کہ میرے جیسا کوئی بندہ بورڈ میں نہیں کیونکہ اگر میں بورڈ میں ہوتا تو پاکستان کیلئے کھیلنے سے انکار کے بعد انہیں کسی بھی جگہ کھیلنے نہ دیتا کیونکہ سب سے پہلے پاکستان ہے، ٹھیک ہے کہ پیسے بھی بنانے ہیں لیکن اس وقت آپ کی پاکستان کو ضرورت ہے اور اگر یہی سلسلہ چلتا رہا تو پاکستان کرکٹ نے کیا ترقی کرنی ہے کہ ایک 27 سال کے باﺅلر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔