ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو دو رنز سے شکست

پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے آخری لمحات تک اپنے اعصاب قابو میں رکھتے ہوئے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو دو رنز سے شکست دے دی ہے

جنوبی افریقہ کی جیت میں ان کے ان فارم افتتاحی بلے باز ہاشم آملہ کی ناقابل شکست سنچری نے اہم کردار نبھایا۔ اگرچہ پاکستان کو جیتنے کے لئے 228 رنز کا ایک قدرے آسان ہدف ملا تھا البتہ اس کے بلے باز تمام اوورز کھیل کر محض دو رنز کے فاصلے پر رہ گئے۔ میچ کے آخری چار اوورز انتہائی سنسنی خیز تھے، جن میں پاکستانی بلے بازوں کو 34 رنز درکار تھے۔ جنوبی افریقی بولر Lonwabo Tsotsobe اور Juan Theron نے کھیل کے ان لمحات میں 32 رنز دئے اور دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دبئی کے بین الاقوامی سٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ کا ٹاس پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ مجموعی طور پر پاکستان کی بولنگ اور فیلڈنگ بہتر رہی اور سوائے آملہ کے کوئی بھی جنوبی افریقی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔ انہوں نے نو چوکوں کی مدد سے 126 گیندوں پر 119 رنز بنائے۔ گزشتہ چھ ماہ کھیلے گئے 11 میچوں میں وہ پانچ سنچریوں کی مدد سے 865 رنز بناچکے ہیں۔ شعیب اختر دس اوورز میں 39 رنز دے کر نمایاں رہے۔ کپتان شاہد آفریدی اور محمد حفیظ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں

پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز بہت زیادہ اچھا نہیں ہوا، اوپنر محمد حفیظ اور ون ڈاؤن پوزیشن پر کھیلنے کے لئے آنے والے یونس خان جلد ہی واپس پویلین کو لوٹ گئے۔ عمران فرحت اور اسد شفیق کے درمیان تیسری وکٹ کے لئے 85 رنز کی شراکت نے ٹیم کو ایک سہارا فراہم کیا۔ فرحت 47 اور شفیق 43 رنز بناسکے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم میچ کے خاتمے تک کریز پر کھڑے رہے تاہم ان کے 59 رنز ٹیم کو نہ جتوا سکے۔ آٹھویں نمبر پر کھیلنے والے وہاب ریاض نے11 گیندوں پر 21 رنز بناکر جنوبی افریقہ پر دباؤ ضرور بڑھایا مگر ان کے بولرز نے لائن اینڈ لینگتھ پر قابو پاکر جیت یقینی بنائی۔

منگل کو کھیلے گئے میچ کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ اس میں ایک چھکا لگانے کے بعد پاکستانی کپتان شاہد آفریدی اب بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 353 چھکے لگانے والے کرکٹر بن گئے ہیں۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔

urduskywww.urdusky.comایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو دو رنز سے شکستپاکستان
Comments (0)
Add Comment